جہاں میں جا بجا اک بے خودی ہماری ہے
خود اپنے آپ سے رسہ کشی ہماری ہے
جو آپ دیکھ رہے ہیں ہمارے باطن میں
ہنر نہیں ہے یہ، بے پردگی ہماری ہے
گھڑی گھڑی کی خبر ہے ہمیں بھی اندر کی
کسی کے دوست سے بھی دوستی ہماری ہے
اٹھائے پھرتے ہیں گردن میں آپ سریے کو
یہ کچھ نہیں ہے فقط بے حسی ہماری ہے
لیا نہیں ہے کسی سے ادھار سانسوں کا
ہماری زندگی کی ہر گھڑی ہماری ہے
تمھارا شہر ہے، یہ خوب جانتے ہیں مگر
تمھارے شہر میں اک جھونپڑی ہماری ہے
ملاپ ہو نہیں سکتا ہمارا اے منصؔور
اندھیرا آپ کا ہے، روشنی ہماری ہے
